کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مقرر کیے گئے ریٹرننگ آفیسر کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کردیاگیا۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 140A(2)اور 220 اور الیکشن ایکٹ کی شق 5، 55(3)جبکہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010کی شق 21A(3)کے تحت فرائض میں غفلت برتنے پر کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں تعینات کیے گئے ریٹرننگ آفیسر ڈائر یکٹر اکاؤنٹس کیو ڈی اے محمد کریم کو معطل کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کو 23اکتوبر 2025کو حلف لینے کے لیے طلب کیا گیا تھا تاہم وہ غیر حاضر رہے جس کے بعد صوبائی الیکشن کمیشن نے کاروائی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سفارش کی تھی جس کے بعد آر او کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے معطل کردیا گیا ہے۔

