کوئٹہ(این این آئی) اقوام مینگل کے معتبرین نے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کو ژوب کے رہائشی نوجوان رحیم اللہ کی باحفاظتی بازیابی میں کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل کی مدبرانہ کوششوں سے مغوی باحفاظت بازیاب ہوا ہے۔ یہ بات زمان پہلوان زئی مینگل، ٹکری میر نذیر مینگل، وڈیرہ بٹے خان، اقبال مینگل، میر ہدایت پہلوانزئی مینگل، ڈاکٹر رفیق مینگل،زیارت کے قبائلی رہنماء عبیداللہ پانیزئی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ گوٹھکی کے علاقے میں کچے کے ڈاکوؤں نے ژوب سے تعلق رکھنے والے نوجوان رحیم اللہ کو اغواء کرلیا تھا جس کے بعد سماجی رہنماء محمد کریم قریشی نے مغوی کے والد سمیت دیگر معتبررین کے ہمراہ ملاقات کے کر معاملے کو گورنر بلوچستان کے نوٹس میں لایا تھا جس کے بعد گور نر نے سندھ حکومت سے رابطہ کر کے فور ی طور پر مغوی کی بازیابی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ جعفر خان مندوخیل بلوچستان کے سینئر اور معتبر سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی ہے، بلوچستان کے سیاسی، سماجی و قبائلی حلقے گورنر بلوچستان کی مخلصانہ کاوشوں پر انکے شکر گزار ہیں۔

