تربت(این این آئی)محکمہ ایکسائز کیچ میں موٹر سائیکلوں کے لیے سمارٹ کارڈ رجسٹریشن سسٹم کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے جبکہ گاڑیوں کے لیے سمارٹ کارڈ کا اجرا اگلے مرحلے میں کیا جائے گا محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس کیچ نے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور عوام کو سہولت کی فراہمی کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کے لیے موٹر وہیکل رجسٹریشن (MVR) سمارٹ کارڈ سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے گزشتہ روز ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکران ڈویڑن شے شوکت علی اور سینیئر ای ٹی او کیچ بیبگر طارق گورگیج نے افتتاحی تقریب میں موٹر سائیکل مالکان کو سمارٹ کارڈ تقسیم کیے اور اس جدید نظام کا باضابطہ افتتاح کیا ابتدائی مرحلے میں موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے لیے سمارٹ کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ اگلے مرحلے میں کمرشل اور نان کمرشل گاڑیوں کے لیے بھی یہی سہولت فراہم کی جائے گی سمارٹ کارڈ کے اجراء سے نہ صرف رجسٹریشن کا نظام مزید شفاف اور محفوظ بنے گا بلکہ جعلی کاغذات اور نقل و حرکت میں بدعنوانی کے امکانات بھی ختم ہوں گے اس اقدام کے ساتھ کیچ ان چند ترقی یافتہ اضلاع میں شامل ہوگیا ہے جہاں موٹر سائیکل رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹلائزڈ سمارٹ سسٹم متعارف کرایا جا چکا ہے۔جو جدید طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

