کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت نوجوانوں کی بہبود اور ترقی سے متعلق ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، صوبائی وزیر زراعت علی حسن زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس میں نوجوانوں کے لیے جاری اور مجوزہ فلاحی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بلوچستان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور ان کی عملی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور وزیر اعلیٰ یوتھ انیشییٹیوز کو ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت یکجا کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو زیادہ مؤثر اور ہم آہنگ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ اس مقصد کے تحت تحصیل سطح پر یوتھ فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جہاں نوجوانوں کو روزگار، تربیت، کاروباری رہنمائی، اور بلا سود قرضوں سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی اس کے ساتھ ساتھ چیف سیکرٹری آفس میں ایک خصوصی معاونت سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور بلوچستان حکومت کے مابین رابطہ کاری و معاونت کے فرائض سرانجام دے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں حکومت کا مقصد انہیں مواقع فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں کو صوبے اور ملک کی ترقی میں تبدیل کرنا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے سات اضلاع میں انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو کاروباری، تکنیکی، اور ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ خود روزگار حاصل کر سکیں اور جدید معیشت کا حصہ بن سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید کاروباری مہارتوں، ای کامرس، زراعت، آئی ٹی اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے عملی مواقع فراہم کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی ترقی ہی ملک کی ترقی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے پالیسی سطح پر جامع اقدامات کر رہی ہے اور یوتھ ڈیویلپمنٹ کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کی رہنمائی، معاونت، اور بااختیار بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان نہ صرف اپنے خوابوں بلکہ صوبے کے روشن مستقبل کے بھی ضامن ہیں حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے اس موقع پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے بلوچستان سے متعلق پی ایم پروگرام کے اغراض و مقاصد اور اہداف پر روشنی ڈالی اور صوبائی حکومت کی جانب سے تعاون پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

