کوئٹہ و گرد و نواح میں گیس پریشر کمی،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،زاہداحمد ناروئی

کوئٹہ(این این آئی)جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد احمد ناروئی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ اور گرد و نواح میں گیس پریشر کی شدید کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے سردی کے آغاز کے ساتھ ہی گیس غائب ہے، مگر بلوں کا بوجھ عوام پر کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی مجرمانہ غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث شہری نہ صرف مشکلات کا شکار ہیں بلکہ گیس لیکج کے باعث گھروں میں خوفناک دھماکے اور حادثات رونما ہو رہے ہیں جن میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور درجنوں لوگ جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔ اچانک گیس بند اور بغیر اطلاع کے بحالی سے یہ حادثات بڑھتے جا رہے ہیں۔زاہد احمد ناروئی نے کہا کہ گیس نہ ہونے کے باوجود عوام کو بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں، لوگ اپنے گھریلو اخراجات کم کر کے یہ غیر منصفانہ بل ادا کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ جو بل نہ دے سکے ان کے میٹر اتار لیے جاتے ہیں۔ یہ عمل عوام کے ساتھ ظلم اور استحصال کے مترادف ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ اور مضافاتی علاقوں میں گیس پریشر فوری بحال کیا جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے اور گیس لیکج حادثات کے متاثرین کے لیے امدادی اقدامات کیے جائیں۔ بصورت دیگر جمہوری وطن پارٹی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں