کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء ملک بشیر احمد شاہوانی،چیئرمین کریم محمد حسنی،حاجی خیر جان بنگلزئی، آ غاشکیل اور عبید شاکر ایم حسنی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی ہزارگنجی،کلی لعل آبادمحمد حسنی، کلی حبیب، بڑیچ ٹاؤن، لہڑی آ باداور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کا شمار صوبے کے سرد ترین علاقوں میں ہوتا ہے سردی کی شدت کے ساتھ ہی ہزارگنجی،کلی لعل آبادمحمدحسنی، کلی حبیب بڑیچ ٹاؤن، لہڑی آ باداور گردونواح میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جس سے خواتین کوکھانا پکانے میں سخت مشکلات ہے تو دوسری طرف بچے،بوڑھے سردی کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی گیس پریشر بڑھانے میں ناکام رہی ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔انہوں نے گورنر بلوچستان،وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ وہ کوئٹہ شہر اور گرردونواح میں گیس پریشرمیں کمی کا فوری نوٹس لیں اور گیس پریشر بڑھانے کیلئے احکامات جاری کریں تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سوئی سدرن گیس کمپنی نے فوری طور پرگیس پریشرنہیں بڑھایا تو علاقے کے عوام کے ساتھ ملکرسخت احتجاج کریں گے۔

