ہانگژو ایکسپو میں پاکستانی وفد کی کولنگ ٹیکنالوجی میں دلچسپی

ہانگژو(این این آئی)شنگھائی میں پاکستانی قونصلیٹ کے قونصل محمد عاطف نے پاکستان کے ایک تجارتی وفد کی قیادت کی جس نے چین کے صوبہ ژی جیانگ کے شہر ہانگڑو میں منعقد ہونے والی پانچویں بین الاقوامی ایئر کنڈیشننگ، ہیٹنگ، وینٹیلیشن، ریفریجریشن اور کولڈ چین ایکسپو (RACC2025) میں شرکت کی۔گوادر پرو کے مطابق چار پاکستانی تاجروں پر مشتمل اس وفد نے جدید صنعتی ٹیکنالوجیز کے جائزے، ایئر کنڈیشننگ سسٹمز، ہیٹنگ مصنوعات، ایکسیسریز اور کمپریسرز کی بین الاقوامی سپلائرز سے خریداری کے امکانات تلاش کیے۔قونصل محمد عاطف نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ روایتی بٹن دبانے کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے افتتاحی تقریب کا آغاز کیاجو اس بین الاقوامی ایونٹ کے آغاز کی علامت تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قونصل وفد کی بھرپور شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستانی وفد کی توجہ جدید کولنگ ٹیکنالوجیز کی شناخت اور چینی مینوفیکچررز کے ساتھ سپلائی چین شراکت داریوں کے قیام پر مرکوز رہی، جو پاکستان کی انفراسٹرکچر ترقی کی ضروریات کے مطابق ہے، خاص طور پر کلائمٹ کنٹرول اور کولڈ چین لاجسٹکس کے شعبوں میں یہ تعاون چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے فریم ورک کے تحت صنعتی تعاون کے فروغ کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔نمائش میں ریفریجریشن اور کولڈ چین صنعت کی سبز اور انٹیلجنٹ تبدیلی کی مکمل جھلک پیش کی گئی، جس میں پائیداری اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عالمی پیش رفت کو نمایاں کیا گیا۔ اس ایونٹ میں 607 بین الاقوامی اداروں نے شرکت کی، جن کا تعلق امریکہ، جاپان، دبئی اور دیگر ممالک و خطوں سے تھا، اور یہ نمائش 50000 مربع میٹرکے وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی تھی۔ایکسپو میں 41012 وزیٹرز شریک ہوئے، جن میں سے 2507بین الاقوامی خریدار 106 ممالک اور پانچ براعظموں سے آئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں