کتاب خانہ سید احمد خمینی یادگار امام خمینی کا تزئینِ نو کے بعد شاندار افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یادگارِ امام خمینی، کتاب خانہ سید احمد خمینی کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد اس کا باوقار افتتاح امام خمینیؒ کے پوتے اور سید احمد خمینیؒ کے فرزند، حجت الاسلام سید علی خمینی نے کیا۔ افتتاحی تقریب ملیر جعفر طیار میں منعقد ہوئی، سید علی خمینی مسؤل امام خمینی ٹرسٹ، حجت الاسلام والمسلمین سید سراج موسوی کے ہمراہ تشریف لائے جہاں ان کا استقبال منتظم اعزازی ڈاکٹر ندیم نقوی نے کیا۔تقریب میں شہر کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران، جامعہ المصطفی کے اساتذہ محترم شبر رضا، ڈاکٹر نسیم حیدر نقوی، ڈاکٹر فرحت زیدی، پروفیسر شاہ اقبال حماد، حسن صغیر عابدی یونائیٹڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے یاسر ترمذی، محبان ویلفیئر کے معراج رضوی، سپاس کے قیصر عباس قیصر، اختر رضا عدیل، پروفیسر نجمی حسن سمیت شعرائے کرام ارتضیٰ جونپوری، احسن زیدی، مصطفیٰ کاظمی، عطائے معصومین کے اظہر چاچا، سعید حیدر، منظور حسین اور سماجی رہنما قیصر زیدی بھی موجود تھے۔تقریب کا آغاز ڈاکٹر ندیم نقوی کے ابتدائی خطاب سے ہوا جنہوں نے کتابخانے کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ بعدازاں اولین لائبریرین مشرف حسین نے قیام سے اب تک کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔مرکزی خطاب میں سید علی خمینی نے کتاب اور کتب خانہ کی اہمیت پر نہایت جامع اور اثر انگیز گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی فکری اور اخلاقی ترقی کتاب سے وابستگی کے بغیر ممکن نہیں۔تقریب کے اختتام پر سرخ ربن کاٹ کر تزئین و آرائش کے بعد لائبریری کو باضابطہ طور پر کھول دیا گیا۔ اس تقریب کی خاص بات اس کا مقررہ وقت پر آغاز اور قبل از مغربین اختتام تھا، جسے شرکاء نے نظم و ضبط کی عمدہ مثال قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں