صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) تحصیل فریدآباد کی یونین کونسل روپا میں ماہِ مقدس رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی کاوشوں کے تحت مستحق اور نادار خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکج تقسیم کیا گیا۔
یوسی روپا میں وائس چیئرمین حاجی اعجاز احمد خان کھوسہ کی نگرانی میں مختلف علاقوں کے غریب، مسکین اور یتیم خاندانوں تک راشن پہنچایا گیا۔ اس موقع پر روزہ داروں کی سہولت اور ان کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف اور منظم طریقے سے تقسیم کا عمل مکمل کیا گیا۔
تقسیم کے دوران تحصیل فریدآباد کے متعلقہ عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا تاکہ راشن کی فراہمی صاف و شفاف انداز میں مستحق افراد تک پہنچ سکے۔ مستفید ہونے والے خاندانوں نے حکومت بلوچستان اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں اس طرح کے اقدامات سے ان کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک ہمدردی، اخوت اور خدمتِ خلق کا مہینہ ہے، اور ایسے فلاحی اقدامات معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مستحق افراد کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

