حکمران سندھ و بلوچستان بس ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات تسلیم،درپیش مسائل فوری حل کریں،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

تربت (این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمدشہی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حکمران سندھ و بلوچستان بس ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کریں۔ بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کا شعبہ عرصہ دراز سے مسائل کی زد میں ہے تاہم ارباب اختیار کی عدم دلچسپی اور متعلقہ اداروں کے ناروا سلوک کے باعث مسائل کی نوعیت اور سنگینی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مکران روٹ کے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جاری ہڑتال اور احتجاجی دھرنا درپیش صورتحال کی سنگینی کی عکاسی کرتا ہے جس کے باعث ٹرانسپورٹرز کو اپنی بسیں روک کر احتجاج کا راستہ اپنانا پڑا ہے۔ ٹرانسپورٹ کا شعبہ معیشت سمیت ہر شعبہ زندگی کی فعالیت اور ترقی کے لیے لازم ملزوم ہے تاہم اتنے اہم شعبے کو منفی طرز عمل اور ناروا سلوک کے زریعے تباہی کی طرف لے جانا بلوچستان کے عوام کو دستیاب محدود مواقع مزید مسدود کرنے کے مترادف ہے۔ مکران سے کراچی روٹ پر کوسٹل ہائی وے اور آر سی ڈی شاہراہ پر سیکورٹی چیک پوسٹوں پر مسافروں کو بلاجواز تنگ کرنے، ڈرائیوروں سے ناروا سلوک اور بھتہ خوری کی شکایات تشویشناک ہیں۔ بلوچستان میں روزگار کے زرائع پہلے ہی ناکافی اور کاروبار کے مواقع محدود ہیں مگر یہاں کے عوام کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے کے بجائے ناعاقبت اندیش اقدامات اور ہٹ دھرمی کے باعث دستیاب مواقع بھی مزید محدود کیے جارہے ہیں جسکی مثال بارڈر ٹریڈ، زراعت، ماہیگیری، کانکنی، انٹرنیٹ اور ٹرانسپورٹ کی صورتحال ہے۔ نیشنل پارٹی ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور حکومت و متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز سے سنجیدہ بات چیت کا آغاز کرتے ہوئے ان کا اعتماد بحال کریں اور ان کو درپیش مسائل نیک نیتی سے حل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں