تربت(این این آئی)ممبر صوبائی اسمبلی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعرات کے روز بلوچستان اکیڈمی تْربت کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، جو ان کے ایم پی اے فنڈ سے تعمیر کی گئی ہے۔افتتاحی تقریب میں معروف ادیب و دانشور پروفیسر غنی پرواز، چیئرمین اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد، سابق سینیٹر کہدہ اکرم دشتی، جسٹس ریٹائرڈ شکیل احمد بلوچ، اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سمیت شعرا، ادبا، دانشوروں اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ علم، ادب، تعلیم، صحت اور کھیلوں کے فروغ کو ترجیح دی۔ ان کے دورِ وزارتِ تعلیم میں خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی اور ضلع کیچ میں بڑی تعداد میں استانیاں بھرتی کی گئیں، جس سے شرحِ تعلیم میں نمایاں اضافہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ وزارتِ اعلیٰ کے دوران سید ہاشمی اکیڈمی اور بلوچستان اکیڈمی جیسے علمی اداروں کو فنڈز فراہم کیے گئے۔ موجودہ سال بھی بلوچستان اکیڈمی تْربت کے لیے فنڈ منظور کیے گئے ہیں، جب کہ اکیڈمی کے لیے ایک بڑا ہال تعمیر کرنے کی اسکیم پر کام جاری ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مزید کہا کہ ان کے فنڈ سے بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی، اسپورٹس، اور کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر سمیت مختلف اداروں کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بلوچستان اکیڈمی تْربت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بلوچ فکری و ادبی شناخت کا قیمتی اثاثہ ہے۔اس موقع پر چیئرمین بلوچستان اکیڈمی تْربت پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد نے بتایا کہ اکیڈمی نے حالیہ عرصے میں مبارک قاضی پر دس کتابیں شائع کیں اور مجموعی طور پر 23 فکشن کتب منظرِ عام پر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2023 میں ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کے بعد 2024 میں فنڈز کی مقدار میں کٹوتی سے اکیڈمی کے کچھ منصوبے متاثر ہوئے، اور امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اس گرانٹ کی بحالی میں کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمی جلد معروف شاعر اکبر بارکزئی پر تحقیقی و تنقیدی منصوبہ شروع کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر نئی شائع شدہ کتاب “میراث” ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دیگر مہمانوں کو پیش کی گئی۔تقریب کی نظامت کے فرائض بلوچستان اکیڈمی تْربت کے جنرل سیکریٹری و افسانہ نگار مقبول ناصر نے انجام دیے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments
تازہ ترین
- پنجگور کے نوجوان شہاب نے رضاکارانہ طور پر سرینڈر کر دیا
- عالمی ہنگر انڈیکس میں پاکستان کی صورتِ حال تشویش ناک، مؤثر حکومتی اقدامات سے غذائی تحفظ بہتر بنایا جا سکتا ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر
- عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،مہراللہ بادینی
- مراکز صحت میں عملے کی حاضری، ادویات دستیابی،عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
- پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت،مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، میر ریاض احمد شاہوانی
- کوئٹہ میں موسم سرد ہونے کیساتھ ہی گیس پریشر میں کمی،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے،لالہ یوسف خلجی
- خواتین کے تحفظ،حقوق کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، میر ضیاء لانگو
- بلوچستان پورے پاکستان کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،گورنر بلوچستان
- خاران: چوری کی کوشش کے دوران فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل خان غلام رسول جاں بحق، ملزمان فرار، پولیس کی تفتیش جاری
- امریکی اسکول میں 16 سالہ لڑکے کی فائرنگ، 3 معصوم بچے اور استاد ہلاک

