مضرصحت،غیر معیاری بیکری مصنوعات،بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے4بیکرز سیل،24پر جرمانے عائد کردیئے

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کے خلاف جاری خصوصی مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور سبی شہر میں مجموعی طور پر 62 بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔انسپیکشن کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، باسی و زائدالمیعاد اجزاء کے استعمال، زنگ آلود مشینری، اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کی تیاری کے شواہد ملنے پر 4 بیکرز کو سیل جبکہ 24 بیکریوں کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔اسی طرح معمولی خامیوں اور اصلاحی ہدایات کی ضرورت محسوس ہونے پر 18 بیکری یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ اجزاء، مضر نان فوڈ کلرز، اور غیر معیاری تیار شدہ بیکری مصنوعات کی بڑی مقدار بھی برآمد کرکے موقع پر ضبط کر لی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کی خصوصی ہدایت پر تمام زونل ٹیموں کو غیر معیاری خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کا پابند کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صوبے بھر میں ناقص و مضر صحت بیکری مصنوعات کی فراہمی کے مکمل خاتمے کیلئے بی ایف اے کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ڈی جی بی ایف اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف معیاری و محفوظ بیکری مصنوعات کا انتخاب کریں اور کسی بھی شکایت یا خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل۔میں لائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں