لورالائی(این این آئی) کمشنر لورالائی ڈویژن کی ہدایت پر شہر میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے میونسپل کمیٹی متحرک، شہری علاقوں میں صفائی کے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمیٹی لورالائی نے شہر کی صفائی و ستھرائی کے لیے جامع حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محیب اللہ بلوچ کی نگرانی میں, گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج لورالائی،کینٹ اسکول، مرکزی بازار، اور شہر کے قریبی مضافاتی علاقوں میں صفائی کے کام انجام دیے گئے۔ترجمان میونسپل کمیٹی کے مطابق، شہری سہولیات میں بہتری اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے آئندہ دو ہفتوں پر مشتمل خصوصی صفائی مہم جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران نالیوں کی صفائی، کچرا ٹھکانے لگانے، گندگی کے خاتمے، اور جراثیم کش اسپرے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے کہا کہ شہری علاقوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی عملے کو روزانہ کی بنیاد پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ متعلقہ افسران کو فیلڈ میں نگرانی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔کمشنر لورالائی ولی محمد بڑیچ نے اس موقع پر کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکیں اور شہر کی صفائی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ لورالائی کو ایک صاف، خوش نما اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔

