اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان چلے گئے، وہ آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر عطا تارڑ سمیت دیگر شامل ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر وزیراعظم باکو میں منعقدہ یومِ فتح کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف صدر الہام علیوف سے ملاقات بھی کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے امکانات پر بات چیت ہوگی۔پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی فورمز جیسے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) اور اقوام متحدہ میں بھی قریبی اشتراک رکھتے ہیں۔وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے اعادے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنے گا۔

