کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 28دسمبر کو کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی،بلدیاتی انتخابات میں کوئٹہ بھر سے پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے کامیابی حاصل کرکے صدر آصف علی زرداری، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کو مئیر کوئٹہ کا تحفہ دیں گے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و پارلیما نی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی،کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیرمحمد ترین، زبیر بڑیچ، نعمت لالا، اکبر خان ترین، ایوب آغا، غفار رند،میر زوہیب محمد حسنی، ڈاکٹر عبیداللہ، احسان اللہ افغان،میر عظیم ساتکزئی، حفیظ محمود مینگل، میر نصیب رئیسانی،ایمل کاسی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے حلقہ پی بی 43کے یونٹس اور پارٹی ورکرز کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے غور خو ض کیاگیا۔مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی،پارٹی کے صوبائی صدرو سینیٹر سردار عمر گورگیج، جنرل سیکریٹری ربانی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات میر ظہور بلیدی کی قیادت میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی اورانشاء اللہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی عام انتخابات کی طرح بھر پور کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کا میئر اور ٹاؤنز چیئرمین بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں بلدیاتی ادارے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی 28دسمبر کو کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاریاں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔

