کوئٹہ (این این آئی) جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جس طرح ہیلتھ کارڈ کے ذریعے عوام کو صحت کی سہولیات میں آسانی فراہم کی گئی، اسی طرز پر راشن کارڈ اور تعلیم کارڈ جیسے عوامی فلاحی اقدامات بھی وقت کی ضرورت ہیں۔ترجمان کے مطابق موجودہ معاشی حالات میں عام شہری کو صحت، خوراک اور تعلیم کے شعبوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ راشن کارڈ کے ذریعے کم آمدنی والے طبقے کو بنیادی غذائی اشیاء باعزت طریقے سے مہیا کی جا سکتی ہیں، جبکہ تعلیم کارڈ سے طلبہ کو تعلیمی مواقع برابر مل سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک فلاحی ریاست کی پہچان یہی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کرے۔ صحت، تعلیم اور خوراک جیسے بنیادی حقوق ہر شہری کا حق ہیں اور انہی پر توجہ دے کر ایک مضبوط اور باشعور معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ جمہوری وطن پارٹی عوامی فلاح، مساوات اور معاشرتی استحکام پر یقین رکھتی ہے اور ایسے تمام اقدامات کی حامی ہے جو عوام کی زندگی میں بہتری اور آسانی پیدا کریں۔

