مورند کالونی میں نصب واٹر بور ایک سال سے غیر فعال، شہری پانی بحران کا شکار

لسبیلہ(بیوروچیف)گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول مورند کالونی میں نصب کیا گیا واٹر بور گزشتہ ایک سال سے غیر فعال پڑا ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق واٹر بور کی تنصیب مکمل ہونے کے باوجود اسے تاحال فعال نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے مورند کالونی، بابو محلہ اور ملحقہ آبادیوں میں پانی کی قلت بدستور برقرار ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ واٹر بور اگر فوری طور پر فعال کر دیا جائے تو پینے کے صاف پانی کا دیرینہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو سکتا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں پانی کی کمی مزید شدت اختیار کر جاتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے یا مہنگے داموں خریدنا پڑتا ہے۔شہریوں نے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، سیکریٹری پارلیمانی امور میر زرین خان مگسی اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول مورند کالونی میں نصب واٹر بور کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ علاقے کے مکینوں کو درپیش پانی کے بحران سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں