علامہ اقبال کا فکر و فلسفہ آج بھی قوم کی رہنمائی کرتا ہے، ملک ذیشان حسین

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر صوبائی رہنما ملک ذیشان حسین نے شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یومِ پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقبال برصغیر کے وہ عظیم مفکر ہیں جنہوں نے ایک آزاد، باوقار اور ترقی پسند ریاست کا جو خواب دیکھا، وہ آج بھی ہماری قومی سمت کا تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ نسل در نسل نوجوانوں میں یہ یقین پیدا کرتا ہے کہ وہ اپنے اوپر ایمان رکھیں، اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں اور اجتماعی بھلائی کے لیے کام کریں۔ یہی وہ پیغام ہے جسے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو نے عملی جدوجہد کے ذریعے آگے بڑھایا، عوام کو بااختیار بنایا اور جمہوریت کا مضبوط دفاع کیا۔ملک ذیشان حسین نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی اقبال کے تصور کے مطابق ایک ایسا ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے جس میں ہر شہری کو مساوات، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باہمت نوجوان ہی وہ قوت ہیں جو اقبال کے خواب کی حقیقی تعبیر بن سکتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ آئیے آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اس پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے جو اقبال نے سوچا تھا۔ ایک ایسا پاکستان جو امید، وقار اور روشن مستقبل کی علامت ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں