سبی(نامہ نگار)چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سبی سردارزادہ میر بجار چاکر ڈومکی نے سبی میں کمپیوٹرائزڈ لوکل و ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض، ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، وائس چیئرمین میر دینار خان ڈومکی، اسسٹنٹ کمشنر منصور علی شاہ سمیت دیگر افسران اور معززین نے شرکت کی۔ نئے ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت شہریوں کو لوکل اور ڈومیسائل کے اجراء میں شفافیت، تیز رفتاری اور سہولت میسر آئے گی۔ سسٹم کو براہِ راست نادرا کے مرکزی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ ڈیٹا کی درستگی اور تصدیق کا عمل خودکار طریقے سے مکمل ہو۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سردارزادہ میر بجار چاکر ڈومکی نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام عوامی سہولت کے لیے ایک اہم قدم ہے، اس سے شہریوں کو آسانی سے اپنے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ضلعی انتظامیہ عوامی خدمات کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ لوکل برانچ کے انچارج علی محمد بزدار نے شرکاء کو کمپیوٹرائزڈ طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سسٹم کے ذریعے تمام مراحل خودکار طور پر مکمل ہوں گے، جس سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔

