کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان کے فوکل پرسن چوہدری نعیم کریم نے اسلام آباد کچہری اور وانا میں کیڈٹ کالج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں پاک فوج اور دیگر سیکورٹی ادارے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں اورانشاء اللہ جلد پاکستان سے دہشت گردوں کا صفایا کردیاجائے گا،بھارت افغانستان کے راستے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہے جس کے ثبوت پاکستان نے ہمیشہ دنیا کے سامنے پیش کئے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ اسلام آباد کچہری کے باہر خود کش دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے واقعہ میں ملوث دہشت گرد عناصر مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں دہشتگرد عناصراپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے خود کش دھماکے میں شہیدہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلدصحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے کیڈٹ کالج وانا پر فتنہ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج اورسیکورٹی فورسز نے وانا کیڈٹ کالج پر حملے کوناکام بناتے ہوئے سینکڑوں طلباء اور اساتذہ کی جانوں کو بچایا جس پرسیکورٹی فورسزکے جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہنم واصل کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ازلیٰ دشمن بھارت پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان کے راستے دہشت گردی کی کارروائیاں کروا رہا ہے جس کے ثبوت پاکستان نے عالمی دنیا کے سامنے رکھے ہیں طالبان حکومت فتنہ الہندوستان کے دہشت گردعناصرکو لگام ڈالے بصورت دیگر پاک فوج اورسیکورٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

