اسلام آباد+کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مجلس فقہی کے سربراہ مولانا مفتی محمد روزی خان نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے دینی مدارس کے خلاف بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے مدارس اسلامیہ کے خلاف الزام تراشی اور منفی پروپیگنڈے کا سلسلہ بند نہ کیا تو ملک بھر کے علماء، طلبہ اور عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کا بیان نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ کروڑوں محبِ وطن دینی طبقات کے جذبات سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ مدارس پر قبضہ مافیا ہونے کا الزام دراصل دین دشمن ایجنڈے کا حصہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر مدارس کو نشانہ بنایا گیا تو جمعیت علماء اسلام خاموش تماشائی نہیں رہے گی بلکہ پرامن مگر بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔روس افغان وار کے دوران ریاستی فیصلوں کا بوجھ مدارس پر ڈالنے کی کوشش قوم کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ مدارس اسلامیہ پاکستان کے نظریاتی و تعلیمی قلعے ہیں جن کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ پوری قوت سے کیا جائے گا۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ خواجہ آصف کے بیانات کا سخت نوٹس لیں، ورنہ ملک گیر احتجاجی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

