کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ شہرمیں متعد د سڑکوں کی بندش سے شہر میں بد ترین ٹریفک جام، موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس کی بند ش سے شہری پریشان۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ کے وائٹ روڈ، انسکمب روڈ سمیت دیگر ملحقہ سڑکوں کو پولیس کی بھاری نفری تعینات اور خا ردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کردیاگیا جس سے شہر میں رات گئے تک بد ترین ٹریفک جام رہا۔ شہریوں نے چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جبکہ طویل قطاروں میں لگے شہری، بچے اور بزرگ شدید اذیت میں مبتلا رہے۔ دوسری جانب کوئٹہ شہر میں تیسرے روز بھی تھری جی اور فورجی انٹرنیٹ سروسز بند رہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مواصلاتی نظام کے متاثر ہونے سے کاروباری، ملازمت پیشہ افراد،طلباء او طالبات کو مشکلات درپیش رہیں۔

