کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خاتمے کے لیے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس (نارتھ زون) کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ یہ مہم سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس سید ظفر علی شاہ بخاری اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز (نارتھ) ڈائریکٹر ایکسائز نصیر اللہ مندوخیل کی خصوصی ہدایات اور براہِ راست نگرانی میں عمل میں لائی جا رہی ہے۔محکمہ ایکسائز کے ترجمان کے مطابق، صوبے بھر میں منشیات کی پیداوار اور ترسیل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں پوست کے کھیت تباہ کیے جا رہے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ منشیات کی غیر قانونی کاشت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ کاشتکاروں کے لیے متبادل روزگار کے منصوبے بھی زیر غور ہیں تاکہ انہیں منشیات سے پاک معاشی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی، تاکہ صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

