کراچی (این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بین الاقوامی منظم جرائم کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ منظم اور سرحد پار جرائم عالمی امن، معیشت اور انسانی زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے جرائم سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی، سخت قوانین اور عالمی سطح پر موثر تعاون ناگزیر ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے منظم جرائم کے خاتمے کے لیے قابلِ تحسین کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان کی کوششیں بڑی حد تک جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کو محدود کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات، اسمگلنگ، سائبر کرائم اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کے خلاف سخت ترین کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تعاون بڑھا کر ان نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن ہے، جبکہ دہشت گردی اور سرحد پار جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور معاشرتی استحکام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، اور کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کے خلاف سخت اور بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

