کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بہت جلد وفاق کے تحت جاری فنڈز کے ذریعے PIDCL انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی کا کام شروع کرے گا، جس سے علاقے کے بنیادی مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یہ بات انہوں نے جعفر طیار سوسائٹی کے رہائشیوں سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں علاقے کے دیرینہ مسائل، انفراسٹرکچر کی صورتحال، پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر عوامی سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔گورنر سندھ نے رہائشیوں کے مطالبات اور مسائل کو غور سے سنا اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت، سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام کا تعاون اور اعتماد ہمارے لیے باعثِ حوصلہ ہے اور ہم کراچی کے ہر علاقے میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

