کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے افغانستان کے بعض علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے خلاف پاکستان کی مؤثر اور بروقت کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والی ہر سرزمین کے خلاف کارروائی ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث عناصر کے قدموں کے نشانات افغانستان تک جاتے ہیں، اس حوالے سے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت متعدد بار افغان حکام کو شواہد اور تفصیلات سے آگاہ کرچکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کا ان کی قبروں تک تعاقب کیا جائے گا اور کسی کو بھی ملک کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حاجی علی مدد جتک نے الزام عائد کیا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے بلوچستان کے پْرامن ماحول کو سبوتاڑ کرنا چاہتا ہے، تاہم پاکستان کی بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں افغانستان سے دوگنا بڑے ملک کو بھی ناکوں چنے چبوائے ہیں، لہٰذا دشمن عناصر کسی خوش فہمی میں نہ رہیں۔انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار اور اچھے ہمسائے کا کردار ادا کرے اور اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں کے لیے استعمال نہ ہونے دے، بصورت دیگر پاکستان اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں قیامِ امن، ترقیاتی عمل کے تسلسل اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

