کوئٹہ(این این آئی) ایف آئی اے کی انسانی اسمگلرز کے خلاف کاروائی کوئٹہ سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سب ایجنٹ اور 8افغان باشندے گرفتار کرلیے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کے اے ایچ ٹی سی کوئٹہ نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سب ایجنٹ عرفان کو گرفتار کر لیا جبکہ کارروائی کے دوران 8 افغان باشندے بھی تحویل میں لے لئے گئے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کردار ہے جو رکشے کے ذریعے لوگوں کو منتقل کرنے کا کام کرتا تھا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ایجنٹ کے افغانستان میں موجود سہولت کاروں سے رابطوں کا انکشاف بھی ہوا ہے، ترجمان کے مطابق مرکزی ملزمان گل بدین اور غمئی فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے موبائل سے واٹس ایپ چیٹس اور اہم شواہد برآمد کیے گئے ہیں جن سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت سامنے آئے ہیں اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش افغانستان میں موجود تاج محمد اور کامل سے براہ راست روابط کی تصدیق بھی کی ہے۔ترجمان کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے تیز کردئیے گئے ہیں مزید تفتیش جاری ہے۔

