کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا کہ جمہوریت میں بلدیاتی ادارے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اورانشاء اللہ کوئٹہ کا میئر پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا، انتخابات عمل کی نگرانی کیلئے پارٹی نے ٹاونز کیلئے آرگنائزر کا اعلان کیا ہے جو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے انتخابی مہم اوردیگر امور کی مکمل نگرانی کریں گے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمابلدیاتی انتخابات کیلئے زرغون ٹاؤن کے چیف آرگنائزر و پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی،نورالدین کاکڑ، شاہجہان گجر،اختر بلوچ،ارباب اسد علی کاسی،الطاف گجر،در محمدہزارہ، سید ایوب آغا،انجینئر احسان اللہ اوردیگر نے لہڑی ہاؤس کوئٹہ میں زرغون ٹاؤن کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور پارٹی کارکنوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز دیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر لیاقت لہڑی،نورالدین کاکڑ،شاہجہان گجر،اختر بلوچ،ارباب اسد علی کاسی اوردیگر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہے اور سابق دور حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی نے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل کئے جس کے مثبت اثرات سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی نے بھر پور کامیابی حاصل کیا اور پیپلز پارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت بن کرسامنے آئی۔ انہوں نے کہا کہ اب دسمبر میں کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی بھر پور حصہ لے گی انتخابات کی تیاریوں اور انتخابی مہم کے حوالے سے ٹاؤنز کی سطح پر آرگنائزر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو تمام امور کی نگرانی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں میرٹ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کو ٹکٹ جاری کرے گی اوراتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اورانشاء اللہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کا مئیر پاکستان پیپلز پارٹی کا جیال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہوچکا ہے اور انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کا سلسلہ جاری ہے انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں اس سلسلے میں کسی بھی رہنمائی کیلئے وہ آرگنائزر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

