کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے جہاں جمہوریت مضبوط ہوگی وہیں لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی،پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیکرکامیابی حاصل کریگی۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کرتے ہوئے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا اور انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوام کے چھوٹے چھوٹے مسائل حل کرنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اوراس حوالے سے اتحادی جماعتوں سے بھی رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جس طر ح بلوچستان میں عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی انشاء اللہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی بھر پور کامیابی حاصل کریگی کوئٹہ کے ٹاونز چیئرمین اور میئر بھی مسلم لیگ(ن) کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اورعوام تک مسلم لیگ(ن) کے پیغام کو پہنچائیں کہ مسلم لیگ(ن) ملک اوربلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت کے مثبت اقدامات کی بدولت ملک ایک مرتبہ پھرترقی و خوشحالی کی راہ گامزن ہوچکا ہے۔

