پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب

لاہور(این این آئی)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے انتخابات2025-27 میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب کر لئے گئے،شیخ احسان الحق صدر اورطاہر محمود بٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال،صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کی جانب سے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیدار ملکی ترقی خوشحالی کے لیے ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے کردار ادا کریں گے۔پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے ملک بھر سے 8 سینئر نائب صدور اور 14 نائب صدور،سیکرٹری اطلاعات،جوائنٹ سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری بلامقابلہ منتخب ہوئے۔اعلامیے کے مطابق شیخ احسان الحق صدر،طاہر محمود بٹ جنرل سیکرٹری۔سینئر نائب صدور میں راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار سے شیخ فراز فضل شیخ، لاہور سے شیخ یاسین،حیدر آباد ارشد حسن میمن،کراچی سے محمد ریحان صدیقی،فیصل آباد شاہنواز اکبر،پشاور سے محمد اعظم،بلوچستان سے آصف علی،نائب صدور میں لاہور سے عامر حنیف،رانا منظور،شہباز قادر، ساہیوال سے ملک محمد انور،گجرات سے اشفاق احمد راضی،بہاولنگرسے محمد خالد جاوید،لاڑکانہ سے انور علی،غلام ربانی جوائنٹ سیکرٹری،سید معظم راحیل سیکرٹری اطلاعات جبکہ شیراز خان فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیکس بار کے نو منتخب صدر شیخ احسان الحق،جنرل سیکرٹری طاہر محمودبٹ،سینئر نائب صدر شیخ یاسین۔نائب صدور لاہور چیپٹر رانا منظور،عامر حنیف اورشہباز قادر نے کہا کہ سابقہ رجیم ڈیپارٹمنٹ سمیت حکومت کے ساتھ مل کر ٹیکس نظام میں بہتری لائی، ہم ان کی کاوشوں کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید بہتری کے لئے کام کریں گے،ہماری کوشش ہو گی کہ ٹیکس نظام میں خامیاں دور کرانے اور اسانیاں پیدا کرانے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جائیں کیونکہ موجودہ ملکی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹیکسیشن میں انقلابی کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھنا خوش آئند ہے مگر اس کے ساتھ ٹیکس دہندگان کی مشکلات میں کئی گنا زیادہ اضافہ ہوا ہے،ایف بی آر کے سسٹم آئرس میں تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے لاکھوں افراد اپنے گوشوارے جمع نہیں کرا سکے،دوسری طرف ڈیجیٹل نوٹسز،آرڈر اور ایس آر اوز کی بروقت تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں ٹیکس پیئر کا استحصال ہو رہا ہے،حکومت اور ایف بی آر کی رہنمائی کے لئے مثبت اور قابل عمل تجاویز دیں گے کیونکہ ٹیکس نظام اور ڈیجیٹلائزیشن سسٹم میں آسانیاں پیدا کرکے ٹیکس بیس اور ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں