کوئٹہ (رپورٹر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے سیکرٹریٹ آفیسرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں اسٹار پینل کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نومنتخب صدر امیر حمزہ اور پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت شدید مسائل سے گزر رہاہے ،مہنگائی، بے روزگاری، پانی کی قلت، خراب سڑکیں، صحت و تعلیم کی ناکافی سہولیات، اور انتظامی کمزوریاں عوام کی زندگی کو شدید متاثر کر رہی ہیں ایسے حالات میں سرکاری اداروں میں ذمہ دار، فعال اور پیشہ ور قیادت کا انتخاب نہایت اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ بلوچستان کے بحرانوں کو کم کرنے میں بیوروکریسی کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ آفیسرز ایسوسی ایشن سرکاری فیصلوں، فائل ورک، عوامی شکایات کے ازالے اور ترقیاتی کاموں کے عمل میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ اسٹار پینل کی کامیابی سے امید پیدا ہوئی ہے کہ سیکرٹریٹ میں بدانتظامی، تاخیر اور غیر ضروری رکاوٹوں کا خاتمہ ہوگا جس کے براہِ راست اثرات عوام کے روزمرہ مسائل پر پڑیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے محرومیوں کا شکار ہیں اور عوامی تکالیف کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ افسران اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے انجام دیں، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائیں اور ہر سطح پر عوام دوست طرزِ حکمرانی کو فروغ دیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امیر حمزہ اور ان کی ٹیم افسران کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ صوبے کی انتظامی مشینری کو فعال بنانے، فائلوں کی بروقت کارروائی، سروس ڈلیوری میں بہتری، اور عوامی مسائل کے فوری حل کی سمت عملی اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ کی مضبوطی، بلوچستان کی مضبوطی ہے امید ہے کہ نئی قیادت اپنی صلاحیتوں، تجربے اور دیانت داری سے صوبے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھے گی۔
Load/Hide Comments

