کوئٹہ میں نامعلوم مسلح ڈاکو مرکزی تنظیم تاجران کے ترجمان کاشف حیدری سے موٹرسائیکل چھین کر لے گئے

کوئٹہ (این این آئی) شہر میں چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات نہ رک سکے، ارباب کرم خان روڈ پر موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ واقعہ مصروف گھنٹوں کے دوران اس وقت پیش آیا جب دو مسلح افراد اچانک نمودار ہوئے، کاشف حیدری کو روک کر اسلحہ تانتے ہوئے ان سے موٹر سائیکل چھین لی اور چند سیکنڈ میں موقع سے غائب ہو گئے۔ واردات ایسے مقام پر ہوئی جہاں عام لوگوں کی آمدورفت جاری تھی، تاہم ڈاکوؤں نے کسی خوف کے بغیر اپنا ہدف مکمل کیا جس سے شہر میں اسٹریٹ کرائم کی سنگین صورتحال مزید نمایاں ہوگئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کے رہائشیوں اور تاجروں نے کہا کہ شہر میں روزانہ ہونے والی چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں شہریوں میں شدید عدمِ تحفظ پیدا کر رہی ہیں جس سے شہریوں اورتاجروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ میں بڑھتے جرائم کو روکنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ خوف کی فضا ختم ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں