کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر سرد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی،مسلسل بندش اور طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت سردی میں گیس کی عدم فراہمی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے متعدد اضلاع اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ دسمبر،جنوری اور فروری میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے چلا جاتا ہے، ایسے حالات میں گھریلو صارفین کو گیس بحران کا سامنا کرنا انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ بندش کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگ شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے اس مسئلے پر سینیٹ، قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں متعدد بار آواز اٹھائی گئی، تاہم سنجیدہ اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال جوں کی توں ہے گیس کے معاملے پر بلوچستان کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا جارہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر گیس حکام سے رابطہ کرکے صوبے میں جاری گیس بحران کا ہنگامی بنیادوں پر حل نکالے تاکہ موسمِ سرما میں عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جاسکے۔

