کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع سے مریض اپنے علاج کیلئے کوئٹہ کا رخ کرتے ہیں جو کوئٹہ شہر کے تمام سرکاری ہسپتالوں پر بھاری بوجھ بھی ہے۔ بدقسمتی سے پچاس سال گزرنے کے باوجود ہم کوئٹہ شہر میں کوئی بڑا جدید ہسپتال نہیں بنا سکے۔ آج بھی مریضوں کی ایک بڑی تعداد علاج کیلئے کراچی جانے پر مجبور ہے جس سے مریضوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ جاتی ہیں اور بعض مریض تو راستے میں ہی مر جاتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ حکومت اس حل طلب مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری ایکشن لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ لوگوں کو اپنے ہی صوبے میں معیاری علاج معالجے کی سہولیات میسر ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمنگلی روڈ پر واقع کڈنی ہسپتال اور بعدازاں ہزارہ ٹاون میں واقع دارالشفاء امام خمینی کے دورے کے موقع پر کیا. اس موقع پر کوئٹہ میں تعینات ایرانی قونصل جنرل محمد کریمی تودشکی اور بینوک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر لیاقت تابان سمیت ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. گورنر جعفرخان مندوخیل کو اپنے دورے کے دوران کڈنی ہسپتال کی کارکردگی اور تازہ ترین صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر مندوخیل نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد صوبے میں گردوں کی بیماری میں مبتلا مریضوں کو معیاری دیکھ بھال کیلئے ضروری وسائل کا معائنہ کرنا ہے۔ یہاں آکر مجھے تسلی ہوئی کہ صوبہ میں گردوں کے مریضوں کا بہترین علاج ہو رہا ہے جس کیلئے ڈاکٹر لیاقت آغا اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کوششیں خراج تحسین کے مستحق ہیں. انہوں نے کہا کہ آج ایرانی قونصل جنرل کے تعاون سے چار ڈائیلاسز مشینوں کی فراہمی سے کڈنی ہسپتال کے مجموعی معیار کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہ بات بھی باعث فخر ہے کہ یہی ڈائیلاسز مشینیں ایران میں ہی بنی ہیں. صوبہ بلوچستان اپنی ہی فیمیل سرجنز اور فزیشنز کو دیکھ کر خوشی ہوئی. قبل ازیں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا. بعدازاں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کوئٹہ کے مضافات میں واقع دارالشفاء امام خمینی ہزارہ ٹاون کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا. وہاں موجود ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دینی علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کے قیام سے علاقے کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں اور ایران کے تعاون فراہم کی گئیں چھ ڈائیلاسز مشینوں سے مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا ہوگی. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے کے تمام مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ اپنے صوبے کے عوام کی معاونت کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

