اسلام آباد(این این آئی)ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی بہترین سہولت کاری سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کا نئے سرمایہ کاری معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوگیا،جبکہ وفود نے مذاکراتی مسودے پر دستخط بھی کردئیے ہیں۔دونوں ممالک کے وفود نے توانائی، ٹیکنالوجی اور معدنیات میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے مؤثر اقدامات کا جائزہ لیا،جبکہ معاہدے میں پاکستان اور آسٹریلیا کا طویل المدتی اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وزیر، قیصراحمد شیخ نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری پالیسی اصلاحات کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے، حکومت عالمی طریقہ کار سے ہم آہنگ جدید سرمایہ کاری ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

