وزیرداخلہ سے صوبائی وزیر بلال اکبر خان کی ملاقات،میٹرو بس سروس کی کارکردگی بہتر بنانے کے امور پر گفتگو

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ملاقات کی جس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اصلاحات اور راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو بس سروس کی کارکردگی بہتر بنانے کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران میٹرو بس سروس کو مزید فعال اور اس کے مختلف سٹیشنز کی حالت بہتر بنانے کے لیے متعدد تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ سروس کے روٹ کو مزید وسعت دینے کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔اجلاس میں راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو بس سروس کی بہتری کے لیے ایک مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ دونوں شہروں کے درمیان عوام کو مزید بہتر اور باقاعدہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ہزاروں مسافر روزانہ میٹرو بس سروس کے ذریعے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرتے ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ انہیں محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات دی جائیں۔وفاقی وزیرداخلہ نے عوامی سہولت اور سموگ میں کمی کے لیے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسوں کا اجراء کیا گیا ہے اور بتدریج ان کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ بلال اکبر خان نے بھی پنجاب کے شعبہ ٹرانسپورٹ میں بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں