اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پیر کو دفتر خارجہ میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت اور جاری اعلیٰ سطحی روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، زرعی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو بھی سراہا۔ہائی کمشنر نے کینیڈین کینولا کی پاکستان درآمد میں تعاون پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور ریکوڈک منصوبے پر بیرک گولڈ کی پیش رفت کے ساتھ ساتھ دیگر کینیڈین کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا بھی ذکر کیا۔

