امیر مقام کاجدہ میں پاکستان قونصلیٹ کا دورہ، عوامی مسائل کے موثر حل کو یقینی بنانے کی ہدایت

جدہ (این این آئی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں پاکستانی کمیونٹی کے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ پیر کو وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل کو یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک محنت کرنے والے پاکستانیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اس لئے ان کے جائز مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی اور قونصلیٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر قاضی جمیل سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سردار وقار عباسی (جدہ) اور حیات خان الدمام کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر کو کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں