دعوت اسلامی کے تحت بین الاقوامی اجتماع خصوصی دعا کیساتھ اختتام پذیر

لسبیلہ(بیوروچیف) دعوت اسلامی انٹرنیشنل افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہونے والا 7 دن کا بین الاقوامی سنتوں بھرا اجتماع خصوصی دعائوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، اجتماع میں امریکا، کینیڈا، یوکے، یورپی ممالک ،انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، نیپال ، بنگلہ دیش، عرب و افریقی ممالک اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت کم و بیش 65 سے زائد ممالک سے علمائے کرام، مبلغین ، جامعۃ المدینہ کے اساتذہ، طلباء، بزنس کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقان رسول شریک ہوئے، اجتماع کے ساتوں دن ہونے والی مختلف نشستوں میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کے مدنی مذاکرے، نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری ، مولانا عبدالحبیب عطاری، حاجی محمد شاہد عطاری و دیگر اراکین شوریٰ اور مبلغین کے بیانات خصوصی حصہ رہے، امیر اہل سنت نے مدنی مذاکرے میں ادب و احترام سمیت کئی دینی و اخلاقی موضوعات پر گفتگو کی اور بیرون ملک سے آئے ہوئے عاشقان رسول کو شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کا ذہن دیا، نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے بیرون ملک نیکی کی دعوت کا پیغام عام کرنے کے ساتھ ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت ،قافلوں میں سفر اورگناہوں سے بچتے ہوئے نیکیوں بھری زندگی گزارنےکی ترغیب دی، فیضان مدینہ میں ہونے والے اجتماع کےدوران مختلف شعبہ جات کےاسٹالز بھی لگائے جہاں ان اوورسیز اسلامی بھائیوں کو معلومات فراہم کی گئی۔ بین الاقوامی اجتماع میں آئے علمائے کرام و دیگر شخصیات نے فیضان مدینہ میں قائم اسلامک ریسرچ سینٹر، شعبہ روحانی علاج، شعبہ آئی ٹی سمیت مدنی چینل کےمختلف ڈیپارٹمنٹ کا وزٹ کیا اور دعوت اسلامی کی علمی و تحقیقی دینی خدمات کو سراہا۔ بین الاقوامی اجتماع کے اختتام پر اوورسیز سے آئے کئی عاشقان رسول مختلف شہروں کی جانب قافلوں میں سفر کیلئے روانہ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں