متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے نومنتخب سفیر کی اسنادِ تقرری پیش

ابو ظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے صدر، شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات کیلئے تعینات متعدد نومنتخب سفراء کی اسنادِ تقرری قبول کیے، جن میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر شفقت علی خان بھی شامل تھے۔ اسناد پیش کرنے کی یہ تقریب ابوظہبی کے قصر الوطن میں منعقد ہوئی، جس میں شیخ منصور بن زاید آل نہیان، نائب صدر، نائب وزیرِ اعظم اور چیئرمین صدارتی دیوان، بھی موجود تھے۔نومنتخب سفراء کے خیرمقدم کے موقع پر صدرِ امارات نے اس امر کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات دنیا کی اقوام اور مختلف تہذیبوں کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے دیرینہ عزم پر کاربند ہے، جو ترقی، خوشحالی، امن و استحکام، مکالمے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ صدرِ امارات نے سفراء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فرائضِ منصبی کی مؤثر انجام دہی کے لیے انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے ممالک اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنا سکیں۔اس موقع پر شفقت علی خان نے صدرِ امارات تک پاکستانی قیادت کی جانب سے اخوت، احترام اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کی مسلسل ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جناب شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ان گرمجوش جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب میں شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ،شیخ ذیاب بن محمد بن زاید آل نھیان، ڈپٹی چیئرمین صدارتی دیوان برائے ترقی و اْمورِ شہداء، شیخ حمدان بن محمد بن زاید آل نھیان، ڈپٹی چیئرمین صدارتی دیوان برائے خصوصی اْمور؛ اور شیخ محمد بن حمد بن طحنون آل نھیان، مشیرِ صدرِ امارات سمیت متعدد شیوخ، وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں