قومی ٹیرف پالیسی انقلابی قدم ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مقامی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی ایک انقلابی قدم ہے۔ وہ بدھ کو یہاں اپنی زیر صدارت کسٹم ڈیوٹی اورتجارتی شعبہ میں دیگر اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کیلئے شعبہ جاتی مخصوص تجاویز اور مسائل کی نشاندہی نا گزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے معاشی و صنعتی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو ریسرچ اور ٹریننگ پر استعمال نہیں کیا گیا، ملکی برآمدات اور درآمدات کے شعبہ میں ماہرین کی طرف سے سفارشات اور اصلاحاتی تجاویز حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت و تجارت اور مقامی آبادی کیلئے صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی ایک انقلابی قدم ہے جو ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے ساتھ مقامی اور عالمی منڈیوں میں کاروبار کو مسابقتی بناتی ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دوسرے ممالک کے ساتھ دو طرفہ اور راہداری (ٹرانزٹ) تجارتی مصنوعات کی بارڈر پر کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی کڑی نگرانی ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم کو ورکنگ گروپ کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ برآمدات پر مبنی دیر پا معاشی ترقی ملک میں سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافے، حکومتی تحفظ اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے ہی ممکن ہو سکتی ہے،ملک کے نمائندہ کاروباری حضرات پر مبنی ذیلی ورکنگ گروپ کی طرف سے محمد علی ٹبہ اور دیگر نے وزیراعظم کو کسٹم اور ٹیکس وصولی سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا اور اپنی سفارشات پیش کیں۔ وزیراعظم نے ان سفارشات کا خیر مقدم کیا اور ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے،کاروباری اور سرمایہ کار حضرات کو ہر ممکن سہولت دینے کیلئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو خصوصی ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو مثبت انداز میں سہولت پہنچانے کے لیے نافذ کی گئی ہے تاکہ برآمدات اور درآمدات کو ملکی مجموعی معاشی ترقی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر برائے اکنامک افئیرز ڈیڑن احد خان چیمہ،و فاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین ایس آئی ایف سی، ملکی صنعتی وکاروبار ی اداروں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں