کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیرِ اہتمام زرغون ٹاؤن، چلتن ٹاؤن، سریاب اور تکتو ٹاؤن کے ماتحت یونٹوں کے امراء، نظماء اور نامزد امیدواروں کے مشترکہ اجلاس منعقد ہوئے، جن میں بلدیاتی انتخابات 2025 کے سلسلے میں ٹکٹ تقسیم کیے گئے۔زرغون ٹاؤن کا اجلاس حاجی لالا خان بادیزئی ہاؤسنگ اسکیم میں جبکہ چلتن ٹاؤن کا اجلاس الیکشن سیل دفتر اسپنی روڈ میں منعقد ہوا۔ اجلاسوں میں ضلعی امیر شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالرحمن رفیق، ناظمِ عمومی حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، مولانا محمد ایوب ایوبی، مولانا محب اللہ، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، مولانا محمد شعیب جدون اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔چلتن ٹاؤن کی تقریب میں چیئرمین ٹاؤن کمیٹی رحیم الدین ایڈووکیٹ کے علاوہ حافظ مسعود احمد، مولانا عبدالبصیر، حاجی عطا محمد شمشوزئی، مولوی جمال الدین حقانی، مفتی نیک محمد فاروقی، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی، میر حشمت لہڑی سمیت ضلع و ٹاؤن کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی قیادت نے نامزد امیدواروں میں باضابطہ طریقے سے ٹکٹ تقسیم کیے۔ ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، مولانا خورشید احمد اور ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین نے تمام ٹاؤنز میں ٹکٹ تقسیم کی کارروائی کی نگرانی کی۔ترجمان جے یو آئی ضلع کوئٹہ عبدالغنی شہزاد کے مطابق جے یو آئی کوئٹہ نے بلدیاتی انتخابات کے ابتدائی مراحل منظم انداز میں مکمل کرلیے ہیں۔ نوجوان، فعال اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار کارکنان کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں دیگر جماعتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ امیدوار میدان میں اتارے گئے ہیں۔ صاف و شفاف انتخابات کی صورت میں جے یو آئی کے کلین سویپ کی توقع ہے۔

