فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ استعداد کا لوہا منوایا،سیدال خان

کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر تعیناتی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ ملک و قوم کے لیے ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور قیادت کا اعتراف بھی ہے۔سیدال خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تقرری مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی، مربوط حکمتِ عملی اور دفاعی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم اْن کی جرات مندانہ قیادت، غیر متزلزل عزم اور بہادری پر پوری طرح فخر کرتی ہے، اور یہ اعتماد رکھتی ہے کہ ان کی سربراہی میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج قومی سلامتی کے ہر چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرتی رہیں گی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ استعداد کا لوہا منوایا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں ملک کا دفاع مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی یہ تعیناتی ملک کے مستقبل اور قومی سلامتی کے لیے نیک شگون ہے۔اس کے ساتھ ہی سیدال خان نے ائیر چیف ظہیر بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع پر بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ائیر چیف کی قیادت میں پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا مؤثر اور دوٹوک جواب دے کر دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ مستقبل میں بھی اسی عزم، پیشہ ورانہ قابلیت اور ثابت قدمی کے ساتھ ملک کی فضائی سرحدوں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنائے گی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ائیر چیف ظہیر بابر سدھو دونوں نے اپنی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ کمٹمنٹ سے پاکستان کے دفاعی نظام کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جو نہ صرف قوم کے لیے اطمینان کا باعث ہے بلکہ قومی وقار میں اضافے کا بھی موجب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں