کوئٹہ (ای این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سربراہ سردارسربلندجوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کاپختہ عزم رکھتی ہے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرکے عوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے،عوام 28دسمبر کو ہونے والے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں انشاء اللہ پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں مختلف حلقوں سے حصہ لینے والے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شہزادہ کاکڑ،ربانی خان خلجی،ملک ذیشان حسین،ندیم احمد خان، رومیل غلزئی اوردیگر بھی موجود تھے۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی مخلوط حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے کام کر رہی ہے اور صوبائی بجٹ میں تمام اضلاع کو برابری کی بنیاد پر فنڈز فراہم کئے ہیں جس سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی روٹی،کپڑا اورمکان کے نعرے کو آگے لیکر بڑھ رہی ہے اورانشاء اللہ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے موزوں ترین امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے اورانشاء اللہ 28دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا جو صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر کوئٹہ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریگا۔

