ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی)ڈیرہ مراد جمالی کے گورنمنٹ بوائز اسپیشل ہائی اسکول کی چاردیواری کی تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال اور تعمیراتی کام کا پی سی ون و تخمینہ طلب کرنے پر ٹھیکیدار اور ہیڈ ماسٹر کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ واقعے کے دوران ٹھیکیدار نے مبینہ طور پر ہیڈ ماسٹر کو تھپڑ مارے، دھکے دیے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جس کے خلاف اسکول کے اساتذہ اور طلبہ نے احتجاجی ریلی نکالی اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دے دیا۔پولیس کے مطابق گورنمنٹ بوائز اسپیشل ہائی اسکول ڈیرہ مراد جمالی میں بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت چاردیواری کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ تعمیراتی کام میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال اور کام کی تفصیلات، پی سی ون اور تخمینے سے متعلق معلومات طلب کرنے پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر حاجی شاہ اور سرکاری ٹھیکیدار کریم لہڑی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران ٹھیکیدار نے مبینہ طور پر ہیڈ ماسٹر کو تھپڑ مارے، دھکے دیے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔واقعے کے خلاف اسکول کے اساتذہ اور زیر تعلیم سینکڑوں طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے ریلی نکالی اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ مظاہرین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور ذمہ دار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد نے دونوں فریقین کو طلب کرکے ان کا موقف سنا اور معاملہ رفع دفع کروا دیا۔

