راولپنڈی (این این آئی)خیبرپختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر 5 دسمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، ہلاک ہونے والے خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کے خاتمے کے لئے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہے۔

