کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ کلچر ڈے کے موقع پر سندھ کے عوام، حکومتِ سندھ اور دنیا بھر میں مقیم سندھی کمیونٹی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ کی تہذیب برصغیر کی قدیم ترین ثقافتوں میں سے ایک ہے، جو امن، برداشت، محبت، رواداری اور صوفی روایت کی نمائندہ ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اجرک اور سندھی ٹوپی صرف زیبائش کا حصہ نہیں بلکہ صدیوں پرانی تہذیبی شناخت اور پرامن رویّوں کی علامت ہیں انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف سندھ کے ثقافتی ورثے کا جشن ہے بلکہ پاکستان کے تمام صوبوں میں بھائی چارے، بین الصوبائی ہم آہنگی اور یکجہتی کے مضبوط پیغام کی بھی تجدید کرتا ہے اپنے بیان میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ تاریخی، سماجی اور معاشی رشتوں میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں صوبے ہمیشہ سے ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہتے آئے ہیں اور ان کے عوام ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے قریب ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں اور نوجوان نسل کو اپنی روایات اور ثقافتی ورثے پر فخر کرنے کا جذبہ عطا کرتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک دوسرے کی ثقافتوں کا احترام اور قدردانی کرتے ہوئے ترقی، امن اور خوشحالی کے مشترکہ سفر کو آگے بڑھائیں گے انہوں نے دعا کی کہ سندھ کی ثقافت اسی طرح دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت کو روشن کرتی رہے اور اس کی روایات آنے والی نسلوں تک مضبوطی کے ساتھ منتقل ہوتی رہیں۔

