گنداواہ (این این آئی)سندھی ثقافت کمیٹی گنداواہ کے زیرِ اہتمام قندابیل پارک میں سندھی کلچر ڈے کے موقع پر رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں کمیٹی کے آرگنائزر فیاض حسین جاموٹ، وڈیرہ خالد حسین جاموٹ و دیگر معزز شخصیات نے مہمانِ خاص سید صفدر اکبر شاہ سمیت تمام مہمانانِ گرامی کا پْرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنا کر روایتی انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خاص سید صفدر اکبر شاہ نے کہا کہ“سندھی ثقافت پاکستان کی قدیم، رنگا رنگ اور باوقار تہذیبوں میں سے ایک نمایاں تہذیب ہے، جو اپنی مہمان نوازی، بھائی چارے اور خوبصورت روایات کے باعث دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے۔”ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی دن منانے کا مقصد اپنی شناخت، روایات اور ورثے کو زندہ رکھنے کے عزم کی تجدید ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ“سندھی زبان بولنے والے لوگ دلیر، محنتی اور محبت کرنے والے ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔”تقریب سے سید ولایت حسین شاہ، استاد فدا حسین ترین، استاد عثمان کلہوڑا و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔آخر میں سندھی ثقافت کمیٹی گنداواہ کی جانب سے تمام مہمانوں کے اعزاز میں چائے پارٹی اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

