سندھ اسمبلی اجلاس، پاک فوج سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

کراچی (این این آئی) سندھ اسمبلی نے پیر کو اپنے اجلاس میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد وزیر داخلہ، قانون اور پارلیمانی امورضیاالحسن لنجار نے پیش کی تھی۔ ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لئے افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیاں پوری قوم کے لئے باعث فخر ہیں۔دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے مین فورسز کا بھی ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑے شرم کی بات ہے کہ ایک سیاسی رہنما کے اہل خانہ بھارتی چینلز پر غلط بیانی کررہے یہ حرکت انتہائی دکھ اور شرم کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر چیز کی ذمہ داری سیکورٹی فورسز پر ڈال دی جاتی ہے۔انہوں نے سیاسی قوتوں سے کہا کہ وہ سیاسی معاملات میں فوج کو بیچ میں نہ لائیں، اس وقت افغانستان اور بھارت کے ساتھ بارڈر ز پر چیلنجز کا سامنا ہے اور ہماری سیکوریٹی فورسز بڑی ہمت اور بہادری سے ان کا سامنا کررہی ہیں۔ سیکوریٹی فورسز کی جانب سے ملک و قوم کے لئے جانوں کو نذرانے پیش کئے جارہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ اپنی فورسز کے ساتھ کھڑا ہو کر ان کو مضبوط کرنا ہر محب وطن پاکستانی کا فرض ہے۔بعدازاں ایوان نے یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ایوان کی کارروائی کے دوران سندھ ڈومیسٹک ورکرز ویلفیئر بل 2025 پیش کردیا گیا۔ یہ بل وزیر قانون ضیاالحسن لنجار نے پیش کیاجسے مزید غور و خوض کے لئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپردکردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں