کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کی کامیابی یقینی ہے۔ غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا سلسلہ فوراً بند ہونا چاہیے اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔ضلعی دفتر زرغون ٹاؤن میں بلدیاتی الیکشن کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین زرغون ٹاؤن مولانا محمد ایوب ایوبی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین مولانا محمد شعیب جدون، میر فاروق لانگو، حاجی محمد شاہ لالا، مولوی سعید احمد، مولانا عبدالغفور مدنی، امیر عثمان، انجینئر فضل کریم ٹگری، محمد جان، عمر آغا، مفتی عطائالرحمن، مولوی ابراہیم، مولوی نصیب اللہ، مفتی احسان اللہ اور مولوی دین محمد سمیت ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ترجمان جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ حافظ عبدالغنی شہزاد، ایمل کاسی شہید یونٹ کے امیر مولانا محمد طارق اور سیکرٹری جنرل حافظ نعمت اللہ جمالدینی نے یونین کونسل 10 کے وارڈ نمبر 1، 2 اور 3 میں ووٹرز سے رابطہ مہم کے طریقہ کار اور حکمت عملی پر مشاورت کی۔دوسری جانب جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء میر محمد عثمان پرکانی نے ناز اسکول لانگو چوک کلی گوہرآباد کا دورہ کیا جہاں یونین کونسل 34 وارڈ نمبر 3 سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار غلام دستگیر بادینی نے جمعیت کے امیدوار قاری عنایت اللہ کے حق میں دستبرداری کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس موقع پر ہونے والی تقریب میں سریاب ٹاؤن کے ڈپٹی چیئرمین حافظ شبیر احمد مدنی، جمعیت کلی گوہرآباد کے امیر مولانا محمد انور انصاری، چیئرمین غلام حیدر ابابکی، حافظ محمد ابراہیم محمد حسنی، شہزادہ عبدالباقی سمالانی، حافظ عبدالغیاث، مولوی ثناء اللہ پرکانی، وڈیرہ گہور لہڑی نورالدین لانگو سمیت بڑی تعداد میں معززین، عمائدین اور کارکنان موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ سیاسی بصیرت، اتحاد اور عوامی خدمت کے جذبے کی بہترین مثال ہے۔

